Police

کلفٹن میں جانوروں کا دودھ بڑھانے کے ممنوعہ انجکشن بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی

حکام کے مطابق اس کارروائی میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی ٹیم بھی موجود تھی۔

چھاپے کے نتیجے میں بھاری مقدار میں غیر رجسٹرڈ ممنوعہ اور جعلی بوسٹن انجیکشن برآمد کرلیے گئے۔

برآمد انجیکشنز کی مجموعی مالیت تقریباً 60 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔ غیر رجسٹرڈ بوسٹن انجیکشن بنانے کےلیے استعمال ہونے والے خالی کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔

سوئیوں کا کنٹینر، بڑی مقدار میں خام مال، پیکنگ میٹریل یعنی اسٹیکرز، ٹیپنگ، سولڈ رنگ گن، ہیٹنگ مشینیں اور دیگر مواد بھی برآمد سامان میں شامل ہے۔

برآمدہ شدہ مذکورہ انجیکشن جانوروں میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جو کہ ممنوعہ اور جانوروں کی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔

ممنوعہ انجیکشن کے استعمال سے صارفین کینسر، مہلک نقصان، پیدائشی نقائص، ہارمون سے متعلق مسائل اور دیگر موذی بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔

ملزم فیکٹری مالک نعمان سلیم ولد محمد سلیم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔