murtaza wahab

مرتضیٰ وہاب کی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے سدباب سے متعلق ہدایت

مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت محکمہ اسٹیٹ، محکمہ لینڈ، محکمہ انسداد تجاوزات اور محکمہ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ایس ایس پی ساؤتھ، ایس ایس پی ایسٹ اور کے ایم سی کے متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

دوران اجلاس میئر کراچی نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی حدود میں تعمیر شروع کرنے والی عمارتوں پر نظر رکھی جائے تاکہ اس کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کو پرکھا جاسکے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کا فوری سدباب کیا جائے، فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے کا حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں خاص طور پر ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں واقع فٹ پاتھوں کو صاف کیا جائے۔

میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ تجاوزات سے شہر میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور ٹریفک حادثات ہوتے ہیں، کے ایم سی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے۔

انہوں نے کہا کہ پارکوں، کھیل کے میدانوں، عبادت گاہوں کے سامنے یا اطراف میں تجاوزات ہرگز نہیں ہونی چاہئیں۔ بعض تجاوزات قائم کرنے والوں نے فٹ پاتھ پر کنٹینرز رکھ کر دکانیں بنائی ہوئی ہیں، انہیں ختم کیا جائے۔