بقر عید پر کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟

موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر نے پیش گوئی کی ہے کہ بقر عید کے دنوں میں کراچی کا موسم کیسا رہے گا۔

اویس حیدر نے بتایا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جنوب مغرب سے اچھی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی، اسی دوران صبح اور رات کے اوقات میں سمندری بادل موجود رہیں گے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ عید کے دنوں میں دن کے اوقات میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ فی الحال کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر میں جون کے آخر یا جولائی کی شروعات میں مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے۔

اویس حیدر نے کہا کہ مون سون کا سلسلہ وقفے وقفے سے اگست کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، فی الحال شہر میں کوئی ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر میں دن کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 60 فیصد اور رات کے اوقات میں 80 سے 90 فیصد رہ سکتا ہے۔