ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ

امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اعظم خان کو نیٹ پریکٹس میں ایک گیند بھی کھیلنے کو نہ مل سکی، اعظم خان پریکٹس کے دوران تنہا کھڑے رہے۔

اعظم خان 14 ٹی 20 میں پاکستان کے لیے صرف 88 رنز بنا سکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور کوچ گیری کرسٹن کا اعظم خان پر سے اعتماد اُٹھ گیا ہے۔

پاک بھارت ٹاکرے کے لیے پاکستان کے گیارہ کھلاڑی فائنل کر لیے گئے ہیں، عماد وسیم کو اعظم خان کی جگہ ٹیم میں جگہ ملے گی۔

بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز اور دو آل راؤنڈر کے ساتھ میدان میں اترے گی، اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔

قومی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، عثمان خان اور  فخر زمان شامل ہیں۔ 

اس کے علاوہ افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر اور نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔