ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ بارش کے باعث کچھ دیر رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا۔

دوسرے اوور کی دوسری گیند پر بھارتی بیٹر ویرات کوہلی 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں گروپ اے کے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اوور میں بھارتی کپتان روہیت شرما نے 8 رنز بنالیے۔

پہلا اوور مکمل ہوتے ہیں بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، دونوں ٹیمیں میدان سے باہر آگئیں، شائقین کرکٹ بارش روکنے اور کھیل دوبارہ شروع ہونے کے منتظر ہیں۔

پلیئنگ الیونز

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں اعظم خان کی جگہ پر عماد وسیم کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 

قومی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، محمد عثمان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔  

بھارت پاکستان کے خلاف میچ میں آئرلینڈ کے خلاف جیتنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتار رہا ہے۔ 

بھارتی ٹیم میں کپتان روہیت شرما، ویرات کوہلی، ریشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، شیوم ڈوبے، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بومرا، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج شامل ہیں۔ 

’ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے‘

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں بہترین پرفارم کرنےکی کوشش کریں گے، ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے، بھارت کے خلاف میچ کے لیے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

’اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے‘

 بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کر سکیں، یہاں دو تین میچز کھیل چکے ہیں اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے۔

میچ کے آغاز سے قبل بارش

واضح رہے کہ نیویارک میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث پہلے میچ کے ٹاس میں تاخیر ہوئی پھر اسکے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز بھی تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے میچز

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت نے آئرلینڈ کو ترنوالہ بناتے ہوئے شرکت دی تھی۔