گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہش مندوں کیلیے بڑی خوشخبری

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت سی پی او میں آن لائن ڈی ایل کا اجرا آسان بنانے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی ڈی ایل برانچ سندھ نے مختلف حوالوں سے شرکا کو بریفنگ دی۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سروس فعال کر دی جائے گی، شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ اور بین الاقوامی ڈی ایل سمیت تجدید سے مستفید ہو سکیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آن لائن سہولت میں کوائف، لائسنس فیس اور فیس لینے والے بینک کی تفصیل منسلک ہوگی، لائسنس کی تجدید یا مستقل کیلیے شہریوں کو میڈیکل فٹنس اور بے فارم جمع کروانا لازمی ہوگا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ مستند نجی یا سرکاری اسپتال سے میڈیکل فٹنس اور بے فارم جمع کروانا ہوگا جبکہ اوورسیز کیلیے ڈی ایل تجدید کیلیے میڈیکل فٹنس اور بے فارم سے متعلق تجاویز زیرِ غور ہیں۔

اجلاس میں آئی جی غلام نبی میمن نے اظہار خیال کیا کہ آن لائن ڈی ایل کا آغاز تجرباتی بنیاد پر شروع کیا جائے، مستقبل میں شہریوں کی سہولت کیلیے موبائل وین سہولت بھی متعارف کروائی جا سکتی ہے۔