چار پانچ کھلاڑیوں کو فارغ کرو، انہیں اور کتنا چانس دیں کہ یہ پرفارم کریں گے؟ سکندر بخت

سینیئر کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت نے کہا ہے کہ اگر نسیم شاہ دو چوکے مار سکتا ہے تو کیا افتخار نہیں مار سکتا؟ کیا عماد وسیم جسے ہم گھر سے اٹھا کر لائے ہیں کہ سر آئیں آپ اور کھیلیں ہمارے لیے، کیا وہ یہ دو چوکے نہیں مار سکتے تھے؟

انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیا تھا کہ نسیم شاہ نے دو چوکے مار لیے اور جن کو بیٹر کے طور پر لاکر کھلایا تھا، ان چار پانچ بیٹروں سے دو چوکے نہیں لگائے گئے، میں تو حیران ہوں اس بات پر کہ کہیں کسی نے کوشش ہی نہیں کی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آگے جاکر یہ ٹیم کوالیفائی نہیں کرتی، جو کہ اب لگتا ہے کہ نہیں کر پائے گی، تو ان چار پانچ لوگوں کو کرکٹ سے فارغ کردینا چاہیے۔

سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اور کتنا چانس دیا جائے کہ یہ پرفارم کریں گے؟