آلائشوں کی چیر پھاڑ کرنے والوں کیخلاف مقدمات پولیس کے ہی گلے پڑگئے

کراچی میں آلائشوں کی چیر پھاڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات پولیس کے ہی گلے پڑگئے، کراچی کی مقامی عدالت نے قانون کے مطابق کارروائی نہ کرنے پر ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے 30 سے زائد ملزمان کے نام مقدمات سےخارج کردیے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ دفعہ 144 نافذ کرنے والے افسران یا ماتحت درج کرواسکتے ہیں، ان مقدمات میں پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمات کا اندراج کیا۔

عدالت نے 21 جون کو تمام افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ افسران مقدمے کے قانونی پہلو سے ناواقف ہوں تو شہریوں کو حراست میں نہیں رکھا جاسکتا۔

عدالت نے ملزمان کے نام مقدمات سے خارج کردیے اور ملزمان کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی اور کہا کہ ملزمان کو پولیس یا عدالت طلب کرے تو وہ پیش ہوں۔