Tarar

سی پیک سے متعلق بات چیت کیلئے چین کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان آرہا ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، چینی وفد پاکستان کے دورے میں سی پیک سے متعلق بات چیت کرے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا اس بار کا دورہ چین کامیاب ترین دوروں میں سے ایک ہے، وزیراعظم نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر توجہ دی ہے۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ٖڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، چینی صدر نے کہا کہ ہم سی پیک کو اپ گریڈ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے، بہت سی طاقتوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہورہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا، دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے، سیاست کرنی ہے تو ضرور کریں مگر ہماری سیاست پر کریں۔

عطا تارڑ  نے کہا کہ عیدکے دوران فچ ریٹنگ کی جانب سے اچھی خبر ملی، فچ نے کہا ہے کہ بجٹ ایک اچھا بجٹ ہے، اسے مثبت قرار دیا گیا، فچ کی ریٹنگ اور چین کے وزیر کا آنا اچھی خبریں ہیں، حکومت سنجیدگی سے معیشت کو بہتری کی طرف لے کر جا رہی ہے، مہنگائی کا ایک شور تھا جو 38 فیصد سے 11 فیصد پر آگئی ہے، آنے والے دنوں میں پاکستانی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومتوں کو بجلی چوری کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کرنا ہوگا، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کرنا ہی ہوگی، بجلی چوری اور لائن لاسز کا خاتمہ ہوگا تو یہ مسئلہ حل ہوگا،  چار بٹن اوپر نیچے کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، یہ کمپیوٹرائزڈ نظام ہے، بجلی چوری یا لائن لاسز کا معاملہ ہو تو اس کے تدارک میں تعاون کرنا ہوگا۔