murtaza wahab

جماعت اسلامی کے کئی ٹاؤن چیئرمین رابطے میں ہیں، مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے کئی ٹاؤن چیئرمین رابطے میں ہیں۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنے لوگوں سے ناراض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس دن انہوں نے منہ کھولا بتادیں گے کہ کون کون سے ٹاؤن چیرمین ان سے رابطے میں ہیں۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ آج بجٹ منظور کرالیا، نون لیگ اور پی ٹی آئی ارکان نے تقریریں کیں۔ اپوزیشن کے پاس بحث کا اچھا موقع تھا، لیکن انہوں نے کوئی تجویز نہیں دی۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ سیشن خراب کرنے کےلیے بجٹ کتابیں پھاڑیں، پلے کارڈ لہرائے، یہ احتجاج کرتے رہیں اور ہم کام کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل ایوان میں خطاب کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ پیکیج کی کل لاگت100کروڑ روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کےلیے10 کروڑ 32 لاکھ روپے مختص ہیں جبکہ کھیلوں کے میدانوں کی بہتری کےلیے100 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ پارکوں کی تزئین و آرائش کےلیے11 کروڑ 16 لاکھ روپے مختص ہیں، کلک پراجیکٹ کے زیرانتظام 674 کروڑ روپے کی اسکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 480 جاری اسکیموں پر کام مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، حب ڈیم سے ایک نئی کینال تعمیر کی جا رہی ہے، جس کے بعد پرانی کینال کی بھی مرمت کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس کام کے لیے سندھ حکومت نے رقم مختص کی ہے، کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے۔