murtaza wahab

شہر کے وسیع تر مفاد میں سخت فیصلے کیے جائیں، میئر کراچی

میئر کراچی نے کہا کہ حکومت سندھ نے یو سی کی گرانٹ 5 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کردی ہے۔ سڑکوں کے اطراف، گرین بیلٹس، چورنگیوں پر کورنوکارپس کے درخت لگادیے گئے تھے۔ ان درختوں کو بتدریج مقامی سایہ دار درختوں سے تبدیل کیا جارہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے 46 بڑے نالوں کی صفائی کا کام انجام دیا جا رہا ہے، پلاسٹک کی تھیلیوں سے سیوریج، برساتی پانی کی نکاسی کا نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ سمندر اور ماحولیات پر بھی پلاسٹک کی تھیلیوں کے مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ ہر قسم کی پلاسٹک کی تھیلیوں کے فروخت اور ان کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ شہر کے وسیع تر مفاد میں سخت فیصلے کیے جائیں۔ حکومت سندھ سے درخواست ہے کہ پلاسٹک کی تھیلیوں پر فوری پابندی کےلیے اقدامات کیے جائیں۔

انکا کہنا تھا کہ گٹر باغیچہ، لیاری ندی میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کر کے اربن فاریسٹ بنا رہے ہیں۔ پارکس، گرین بیلٹس پر شجرکاری اور ترقیاتی کاموں کےلیے کل 84 اسکیمیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گرومندر کی مارکیٹ کےلیے کراچی چیمبر کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اب اس مارکیٹ کی تعمیر نو کرے گا۔ شہر کی دیگر مارکیٹوں کو بھی بہتر بنانے کےلیے اسی طرح کے مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے میزانیے میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔