Jamat e Islami

جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف درخواست دائر کر دی

سندھ ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران  لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر، اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں وزارت توانائی، نیپرا اور کے الیکٹرک کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

جماعت اسلامی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کو بالخصوص ہیٹ ویو میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست میں کے الیکٹرک کی جانب سے 71فیصد فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کو غلط قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں جماعتِ اسلامی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی غیرمعیاری کارکردگی کے باعث نیپرا نے 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا، ٹیکنیکل فالٹس بھی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہیں، انہیں درست کیا جائے۔

جماعت اسلامی کی درخواست کے مطابق کراچی میں 16گھنٹے کی روزانہ اوسط لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، اب راتوں میں بھی دو سے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے، آج کل کراچی میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے زائد جا رہا ہے۔

درخواست گزار جماعت کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کی وجہ سے سیکڑوں شہری روزانہ اسپتال لائے جا رہے ہیں، کراچی شہر ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کراتا ہے، کے الیکٹرک کی کارکردگی سے کراچی کا کاروباری طبقہ اور طالبعلم بھی متاثر ہو رہے ہیں۔