Weather

برسنے والے بادلوں کی تشکیل نہ ہو سکی، بارش اب شام یا رات میں متوقع

کراچی کے اطراف میں اب تک بارش برسانے والے بادلوں کی تشکیل نہیں ہو سکی اس لیے دوپہر میں بارش کے حوالے سے کی گئی پیش گوئی پوری نہ ہو سکی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے قریب جنوب میں موجود ہے، جس کے باعث شام میں یا رات میں شہرِ قائد میں بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شام میں یا رات میں کراچی میں ہلکی سے معتدل اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج کراچی میں دوپہر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختون خوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر آندھی، تیز ہوا کے جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز بارش کے بعد درجۂ حرارت میں کمی آئی اور موسم بہتر ہو گیا تھا، تاہم دوپہر میں حبس کی کیفیت پیدا ہو گئی اور تیز چبھنے والی دھوپ نے گھروں سے باہر نکلنے والوں کو شدید متاثر کیا۔