آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی پی پی کے خلاف مہم مشن اسرائیل مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے، شرجیل میمن
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی پی پی کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم مشن اسرائیل اور مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے۔
کلفٹن میں واقع ڈائریکٹوریٹ آف سوشل میڈیا کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ملک میں سیاس گہما گہمی بہت عرصے سے جاری تھی اب انجام کو پہنچی ہے، چیئرمین بلاول اور صدر زرداری کی پہلے ہی ہدایات تھیں کہ عوامی فلاح و بہبود، عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کریں، سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے حالیہ دنوں میں ایک ہی دن 6 اسکیموں کا افتتاح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل کو بھی مکمل طور پر سولرائز کر دیا گیا ہے، وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ بھی پوری محنت سے کام کر رہے ہیں، مختلف اضلاع میں سولرائزیشن کا کام جاتی ہے، سول اسپتالوں کو سولرائز کیا جا رہا ہے، 656 اسکولز اور 211 رورل ہیلتھ سینٹرز کو سولرائز کیا جا رہا ہے، سندھ میں دو لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دیئے جا رہے ہیں اب شرجیل میمن نے کہا کہ تمام عمر اِن لوگوں کو بل ادا کرنے نہیں پڑیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ منفیت ہائی لائٹ ہوتی ہے، ملک میں جو ٹھیک کام گراؤنڈ پر ہو رہا ہے اس کو بھی ہائی لائٹ کیا جانا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو نے ہاری کارڈ جاری کیا، گزشتہ حکومت میں مزدور کارڈ جاری کیے گئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم بہت بڑی مشاورت کے بعد پاس ہوئی، پی ٹی آئی کا رویہ چھبیسویں آئینی ترمیم میں مثبت تھا اور رضا مندی تھی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے، عدلیہ کے چند جج صاحبان نے پیپلز پارٹی سے تاریخ کا بدترین انتقام لیا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے کبھی عدلیہ کے خلاف مہم نہیں چلائی نہ حملہ کیا، چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی گئی جبکہ بین الاقوامی طور پر پی ٹی آئی کے حق میں مہم چلائی جا رہی ہے، یہ سب کچھ مشن اسرائیل اور مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو اسرائیل کا ایجنٹ نہیں کہوں گا بلکہ یہ اسرائیلی حکومت کا حصہ ہے، پی ٹی آئی کا جھگڑا پاکستان اور اس ملک کے نقشے سے ہے، عوام دھوکے میں نہ آئیں، پی ٹی آئی کارکنان کا احترام ہے، لیکن کو پتہ نہیں کہ ان کا لیڈر کس مشن پر لگا ہوا ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے ہم سے لڑنے کے لئے ان کے ہتھیار ان کے کام نہیں آئیں گے، پی ٹی آئی والے ڈجیٹل دہشت گردی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والے ملک کے اندر انتشار اور تقسیم کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی بہن بیوی کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی خوش نہیں ہوتی، ہماری لیڈر فریال تالپور کو عید کی رات گرفتار کر لیا گیا، مائیں بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، ہم بھی کبھی کسی کے اہل خانہ کی گرفتاری پر خوش نہیں ہوئے۔