اورنگی میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق، دیگر واقعات میں 3 زخمی
اورنگی ٹاؤن بجلی نگر میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعہ میں نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی ۔
اورنگی ٹاؤن بجلی نگر میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعہ میں نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی جبکہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ۔
ایس ایچ او مومن آباد شہباز نے بتایا کہ واقعہ گھر کے اندر چچا سے اتفاقیہ گولی چلنے کے باعث پیش آیا ہے جبکہ مقتولہ کی شناخت 18 سالہ دعا دختر آفتاب گل کے نام سے کی گئی جسے ماتھے پر گولی لگی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعہ سے قبل اہلخانہ کسی شادی کی تقریب میں جا رہے تھے کہ اس دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آگیا تاہم لڑکی کا والد اور چچا سمیت دیگر رشتے دار تھانے میں موجود ہیں اور اس حوالے سے پولیس ان کے بیانات قلمبند کر رہی ہے جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لڑکی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 بلاک سی اویس قرنی مسجد کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
اورنگی پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 25 سالہ آصف رضا کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔
قائد آباد کے علاقے ابوبکر مسجد کے قریب گھر کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 42 سالہ عبدالمالک زخمی ہوگیا۔
قائد آباد پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر لگنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو جوس سینٹر کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 18 سالہ وزیر احمد زخمی ہوگیا ۔
ڈیفنس پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے کے تینوں واقعات سے متعلق مزید چھان بین کر رہی ہے ۔