کراچی میں ایل پی جی کی دکان میں خوفناک آتشزدگی، 2 افراد جھلس کر جاں بحق
فیڈرل بی ایریا صغیر سینٹر میں قائم ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں آگ لگنے کے واقعہ میں 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 16 صغیر سینٹر میں قائم ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد گیس سلنڈر پھٹنے کی بھی آوازیں سنائی دیں۔
ایل پی جی دکان کے برابر میں قائم ہوٹل پر موجود افراد بھی جان بچانے کیلیے بھاگے اور جائے وقوعہ کے اطراف میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایل پی جی کی دکان میں آگ لگنے کے دوران گلشن اقبال سے سہراب گوٹھ جانے والے راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ، آتشزدگی کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل شروع کر کے دکان کی سرچنگ کی۔
تلاشی کے دوران دکان سے دو افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ عمر اور 38 سالہ فیاض کے نام کی گئی۔
آتشزدگی کے دوران دکان کے عقب میں قائم فلیٹ اور اوپری منزل کے فلیٹوں میں دھواں بھرنے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یوسف پلازہ پولیس اور امدادی جماعتوں کے رضا بھی موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔