ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کی کارروائی، 6 رکنی موٹرسائیکل لفٹنگ گروہ گرفتار
ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے شہر میں متحرک انتہائی مطلوب 6 رکنی موٹرسائیکل لفٹنگ گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور چوری و چھینی گئی 10موٹرسائیکلیں،اسپئیرپارٹس اور 10موبائل فونز برآمد کر لیے۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت رضوان عرف اٹینڈ، دانش عباس، محمد ارسلان، محمد فیضان، جنید اور حسن غوری کے ناموں سے کی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ گرفتارملزمان کے قبضے سے 10 موٹر سائیکل و ان کےچیچس، موٹرسائیکل کھولنے کے اوزار اور اسپئیرپارٹس بھی برآمد ہوئے۔ مذکورہ گروہ کی گرفتاری کے لیے کئی دنوں سے کوششیں کی جارہی رہی تھیں۔
ملزمان کو انٹیلیجنس ذرائع اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہر بھر سے موٹرسائیکلیں چوری و چھین کرحب بلوچستان کے علاقے میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف پاک کالونی ، پریڈی ، آرام باغ، شاہ فیصل نبی بخش، صدر تیموریہ ، پیرآباد، عوامی کالونی ، کورنگی ، زمان ٹاؤن، اور رضویہ تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔