وزیراعظم کی انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے معاون برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کےدوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے، ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے، اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

facebooktwitterwhatsapp