گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجروں نے پی آئی اے کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ایک بیان میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی آئی اے سے ہمارے ملک اورنسلوں کی تاریخ جڑی ہے، اسی وابستگی کی وجہ سے کراچی کے تاجروں کو پی آئی اے میں دلچسپی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے تاجر مسلسل مجھ سے رابطہ کرکے ایئر لائن کے معاملے پر بات کررہے ہیں، کراچی کے تاجر چاہتے ہیں ایک سال کیلیے پی آئی اے انہیں دی جائے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے تاجر نئی ایئر لائن شروع کرنے میں بھی سنجیدہ ہیں، میں نے تاجروں سے کہا ہے کہ وہ نئی ایئر لائن کانام ’پی کے‘ رکھیں جس میں پی کا مطلب پاکستان اور کے کا مطلب کراچی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایئر لائن قائم ہوتی ہے تو بھی اچھا قدم ہے اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، کراچی ایئر شروع کی گئی تو ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ تاجروں کی آواز بن کرملک کو روزگار اور لوگوں کوخوشحالی دیناچاہتاہوں۔