شارع فیصل پر چلتی گاڑی سےفائرنگ، دو سیکیورٹی گارڈ زخمی

شہرکی اہم اورمصروف ترین شارع فیصل پرچلتی گاڑیوں سے فائرنگ کے واقعے میں دو سیکیورٹی گارڈززخمی ہو گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دونوں گاڑیوں میں سوارسیکیورٹی گارڈ سمیت دیگرافرار کو حراست میں لے کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق کراچی میں بدھ کی علی الصبح شہرکی اہم اورمصروف ترین شارع فیصل پرچلتی گاڑیوں سے فائرنگ کے واقعے میں دو سیکیورٹی گارڈزکے زخمی ہونے کا واقعہ لڑکی کے تنازع پرپیش آیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک لڑکی گاڑی میں اپنے نئے دوست کے ساتھ شاہراہ فیصل سے گزر رہی تھی جبکہ لڑکی کا بوائے فرینڈ اس گاڑی کا پیچھا کرتا ہوا آیا اور بااثرنوجوان نے گاڑی پرفائرنگ کرکے روکنے کا کہا۔

دوسری جانب لگژری گاڑی میں سوارسیکیورٹی گارڈزنے لڑکی کی گاڑی پرفائرنگ کی، جس پر دوسری گاڑی میں سوار سیکیورٹی گارڈزکی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی اور دونوں گاڑیاں ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے ہوئے شارع فیصل سے ہوتے ہوئے اسٹارگیٹ تک پہنچ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد گاڑی میں سوارلڑکی گاڑی سے اترکرفرارہوگئی، فائرنگ میں ملوث دوسیکیورٹی گارڈ سمیت 5 افراد کوائیرپورٹ کے قریب سیکیورٹی فورسزنے حراست میں لے کرایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔

سیکیورٹی فورسز نے گاڑیوں میں سوار افراد اور سیکیورٹی گارڈزکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والی ایک لگژری گاڑی کی نمبرپلیٹ بھی موجود نہیں تھی، گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر کالا کیا ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں گاڑیوں میں سوارافراد نجی کلب سے جھگڑا کرتے آرہے تھے اوردونوں گاڑیوں میں سوارسیکیورٹی گارڈزکی جانب سے شارع فیصل پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دوسیکیورٹی گارڈزفضل الرحمان اورمحمد نواززخمی ہوئے۔