بجلی، پانی کی طویل بندش پر شہریوں کا احتجاج، ٹریفک کا نظام درہم برہم

بلوچ کالونی روڈ پر شہریوں نے بجلی اور پانی کی طویل بندش کے خلاف سڑکوں پرنکل کر شدید احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری گھنٹوں تک اذیت اور پریشانی کا شکار رہے۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی روڈ پر بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

مظٓاہرین کا کہنا تھا کہ اگر بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تو احتجاج ختم کردیا جائے گا ۔

شہریوں کے احتجاج کے باعث بلوچ کالونی روڈ کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے جبکہ انتظامیہ نے دو گھنٹے بعد مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کیے اور پانی و بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

انتظامیہ کی یقین دہانی پر شہریوں نے احتجاج ختم کردیا مگر ٹریفک کی روانی اور سڑکوں کے اطراف میں پھنسے شہریوں کو مزید کئی گھنٹے اس پریشانی سے دو چار ہونا پڑا۔

 پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد بلوچ کالونی پل کے قریب ہونے والا احتجاج ختم کردیا گیا اور پولیس نے مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا، دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ بلوچ کالونی پر ہونے والے احتجاج کا بجلی کی فراہمی سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ بلوچ کالونی میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔