ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کیخلاف بھارت کی بیٹنگ لائن 119 رنز پر ڈھیر

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 19 اوور میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیویارک میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پہلا اوور مکمل ہوا تو بارش دوبارہ شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا اور کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں میچ شروع ہوا تو ویرات کوہلی 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کےخلاف بھارت کی پہلی وکٹ 12 رنز پرگری۔

بھارت کی دوسری وکٹ 19 رنز پر گری جب بھارتی کپتان روہت شرما شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کےخلاف بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز پرگری جب اکثرپٹیل 20 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کےخلاف بھارت کی چوتھی وکٹ 89 رنز پرگری۔ سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی پانچویں وکٹ 95 رنز پرگری جب شیوام ڈوبے 3 رنز بناکر نسیم شاہ کا تیسرا شکار بنے۔

پاکستان کےخلاف بھارت کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 96 رنز پر گری جب محمد عامر کی مسلسل 2 گیندوں پر دو بھارتی بلے باز آؤٹ ہوئے۔ ریشبھ پنٹ 42 اور رویندرا جڈیجا صفر پر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ میں بہترین پرفارم کرنےکی کوشش کریں گے، ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے، بھارت کے خلاف میچ کے لیے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔