فنی خرابی دور، غیر ملکی پرواز 136 عازمینِ حج کو لیکر 24 گھنٹے بعد روانہ

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گزشتہ روز سے موجود غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے کی فنی خرابی دور کر دی گئی۔

پرواز کیو آر 611 کراچی ایئر پورٹ سے 136 عازمین حج سمیت مسافروں کو لے کر آج صبح اپنی منزل دوحہ کے لیے روانہ ہو گئی۔

قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 610 اتوار کی صبح کراچی پہنچی تھی۔ 

پرواز کیو آر 611 کی روانگی کے وقت ایئر بس اے 330 طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، خرابی دور کرنے کے لیے بر وقت کام شروع کر دیا گیا جو رات گئے مکمل ہوا۔

گزشتہ روز بیشتر مسافروں کو ایئر پورٹ سے ہوٹل منتقل کیا گیا لیکن 60 فیصد مسافر ایئر پورٹ پر ہی موجود رہے، پرواز لگ بھگ 24 گھنٹوں بعد پیر کی صبح 6 بجے کے بعد کراچی سے دوحہ کے لیے روانہ ہوئی۔

ممکنہ طور پر 136 عازمین حج کو ایئر لائن کی جانب سے سعودی عرب بھی پہنچایا جا رہا ہے۔