خالی میدان میں پُرامن احتجاج کرلیں
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکیں بندکرنےوالےمزارقائد کےساتھ خالی میدان میں پرامن احتجاج کرلیں۔
عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے حوالے سےمذہبی جماعتوں سےمذاکرات چل رہے ہیں، میں پرامن احتجاج کےحق میں ہوں لیکن احتجاج کی آڑمیں لوگوں کوتکلیف دینا درست نہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور ڈائریکٹر جنرل پارکس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
38 ایکڑ پر مشتمل عزیز بھٹی پارک 1992 سے کے ایم سی کے زیر انتظام ہے۔اربن فاریسٹ کی مد میں پارک کے لیے 2ایکڑ مختص کیے گئے ہیں، جس میں شہر کا پہلا فروٹ فاریسٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس فاریسٹ میں 5 ہزار پھلوں اور سبزیوں سمیت ماحول دوست درخت و پودے لگائے گئے ہیں جن میں چیکو، انجیر، ناریل، بھنڈی، بینگن، نیم اور پارس پیپل و دیگر شامل ہیں۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی توازن کی بحالی اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے آج عزیز بھٹی پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی کا قدیمی پارک ہے جو خستہ حالی کا شکار تھا۔ اس گنجان آباد علاقے کا ٹاؤن چیئرمین اور ایم این اے کسی اور جماعت سے ہیں، لیکن ہم نے کاغذ پر نہیں بلکہ عملی طور پر پارک کو بحال کیا۔ یہ بدلتا ہوا کراچی، بلاول بھٹو کا کراچی ہے۔ کل محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی تھی، اس موقع کو درخت لگانے کے صدقہ جاریہ سے منسلک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن شخصیات نے ملک کی بقا کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ ہم نے اربن فاریسٹ، فروٹ فاریسٹ اور آج ویجیٹیبل گارڈن کا افتتاح کیا۔ اب ان جھولوں پر بچے کھیلتے نظر آئیں گے۔ یہی پیپلز پارٹی کا نظریہ ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور مزید منصوبے بھی ہوں گے۔ اخبارات میں مزید ٹینڈرز آ رہے ہیں۔ واٹر بورڈ کے حوالے سے جامع پریس کانفرنس میں کراچی کے پانی کے مسائل کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی کے اقدامات بتاؤں گا۔ کے ایم سی کے مالی حالات پر بھی پریس کانفرنس کروں گا۔