بلدیہ عظمیٰ کراچی بجٹ اجلاس: رولنگ جماعت اور اپوزیشن اراکین گتھم گتھا

بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے نئے مالی سال 25-2024ء کے لیے مجوزہ بجٹ اجلاس میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ آرائی کردی، اس دوران رولنگ جماعت اور اپوزیشن اراکین گتھم گتھا ہوگئے۔ 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت ہونے والے کے ایم سی مجوزہ بجٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی ہنگامہ آرائی بھی شروع ہو گئی۔

اپوزیشن اراکین نے سٹی کونسل کے اجلاس میں شور شرابہ کیا اور بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ رولنگ جماعت اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین آپس میں گھتم گتھا ہو گئے۔

میئر ڈائس کے سامنے دونوں جماعتوں کے اراکین نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑ لیے۔

اس موقع پر ’نامنظور نامنظور، کچے کے ڈاکو نامنظور‘ کے نعرے لگائے گئے، جبکہ پلے کارڈز پر ’پانی دو، پانی دو‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس ہنگامہ آرائی کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کا بجٹ پیش کیا۔